ar-Rahman (الرَّحْمَٰن)

Maulana Fateh Muhammad Jalandhry - Maulana Fateh Muhammad Jalandhry

Chapter 55 • 78 verses • Meccan

← Previous Chapter Next Chapter →
55:1 (خدا جو) نہایت مہربان
55:2 اسی نے قرآن کی تعلیم فرمائی
55:3 اسی نے انسان کو پیدا کیا
55:4 اسی نے اس کو بولنا سکھایا
55:5 سورج اور چاند ایک حساب مقرر سے چل رہے ہیں
55:6 اور بوٹیاں اور درخت سجدہ کر رہے ہیں
55:7 اور اسی نے آسمان کو بلند کیا اور ترازو قائم کی
55:8 کہ ترازو (سے تولنے) میں حد سے تجاوز نہ کرو
55:9 اور انصاف کے ساتھ ٹھیک تولو۔ اور تول کم مت کرو
55:10 اور اسی نے خلقت کے لئے زمین بچھائی
55:11 اس میں میوے اور کھجور کے درخت ہیں جن کے خوشوں پر غلاف ہوتے ہیں
55:12 اور اناج جس کے ساتھ بھس ہوتا ہے اور خوشبودار پھول
55:13 تو (اے گروہ جن وانس) تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:14 اسی نے انسان کو ٹھیکرے کی طرح کھنکھناتی مٹی سے بنایا
55:15 اور جنات کو آگ کے شعلے سے پیدا کیا
55:16 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:17 وہی دونوں مشرقوں اور دونوں مغربوں کا مالک (ہے)
55:18 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:19 اسی نے دو دریا رواں کئے جو آپس میں ملتے ہیں
55:20 دونوں میں ایک آڑ ہے کہ (اس سے) تجاوز نہیں کرسکتے
55:21 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:22 دونوں دریاؤں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں
55:23 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:24 اور جہاز بھی اسی کے ہیں جو دریا میں پہاڑوں کی طرح اونچے کھڑے ہوتے ہیں
55:25 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:26 جو (مخلوق) زمین پر ہے سب کو فنا ہونا ہے
55:27 اور تمہارے پروردگار ہی کی ذات (بابرکات) جو صاحب جلال وعظمت ہے باقی رہے گی
55:28 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:29 آسمان اور زمین میں جتنے لوگ ہیں سب اسی سے مانگتے ہیں۔ وہ ہر روز کام میں مصروف رہتا ہے
55:30 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:31 اے دونوں جماعتو! ہم عنقریب تمہاری طرف متوجہ ہوتے ہیں
55:32 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:33 اے گروہِ جن وانس اگر تمہیں قدرت ہو کہ آسمان اور زمین کے کناروں سے نکل جاؤ تو نکل جاؤ۔ اور زور کے سوا تم نکل سکنے ہی کے نہیں
55:34 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:35 تم پر آگ کے شعلے اور دھواں چھوڑ دیا جائے گا تو پھر تم مقابلہ نہ کرسکو گے
55:36 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:37 پھر جب آسمان پھٹ کر تیل کی تلچھٹ کی طرح گلابی ہوجائے گا (تو) وہ کیسا ہولناک دن ہوگا
55:38 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:39 اس روز نہ تو کسی انسان سے اس کے گناہوں کے بارے میں پرسش کی جائے گی اور نہ کسی جن سے
55:40 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:41 گنہگار اپنے چہرے ہی سے پہچان لئے جائیں گے تو پیشانی کے بالوں اور پاؤں سے پکڑ لئے جائیں گے
55:42 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:43 یہی وہ جہنم ہے جسے گنہگار لوگ جھٹلاتے تھے
55:44 وہ دوزخ اور کھولتے ہوئے گرم پانی کے درمیان گھومتے پھریں گے
55:45 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:46 اور جو شخص اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرا اس کے لئے دو باغ ہیں
55:47 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:48 ان دونوں میں بہت سی شاخیں (یعنی قسم قسم کے میووں کے درخت ہیں)
55:49 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:50 ان میں دو چشمے بہہ رہے ہیں
55:51 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:52 ان میں سب میوے دو دو قسم کے ہیں
55:53 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:54 (اہل جنت) ایسے بچھونوں پر جن کے استرا طلس کے ہیں تکیہ لگائے ہوئے ہوں گے۔ اور دونوں باغوں کے میوے قریب (جھک رہے) ہیں
55:55 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:56 ان میں نیچی نگاہ والی عورتیں ہیں جن کو اہل جنت سے پہلے نہ کسی انسان نے ہاتھ لگایا اور نہ کسی جن نے
55:57 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:58 گویا وہ یاقوت اور مرجان ہیں
55:59 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:60 نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا کچھ نہیں ہے
55:61 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:62 اور ان باغوں کے علاوہ دو باغ اور ہیں
55:63 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:64 دونوں خوب گہرے سبز
55:65 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:66 ان میں دو چشمے ابل رہے ہیں
55:67 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:68 ان میں میوے اور کھجوریں اور انار ہیں
55:69 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:70 ان میں نیک سیرت (اور) خوبصورت عورتیں ہیں
55:71 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:72 (وہ) حوریں (ہیں جو) خیموں میں مستور (ہیں)
55:73 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:74 ان کو اہل جنت سے پہلے نہ کسی انسان نے ہاتھ لگایا اور نہ کسی جن نے
55:75 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:76 سبز قالینوں اور نفیس مسندوں پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے
55:77 تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
55:78 (اے محمدﷺ) تمہارا پروردگار جو صاحب جلال وعظمت ہے اس کا نام بڑا بابرکت ہے