`Abasa (عَبَسَ)

Maulana Doctor Tahir ul Qadri - Maulana Doctor Tahir ul Qadri

Chapter 80 • 42 verses • Meccan

← Previous Chapter Next Chapter →
80:1 ان کے چہرۂ (اقدس) پر ناگواری آئی اور رخِ (انور) موڑ لیا،
80:2 اس وجہ سے کہ ان کے پاس ایک نابینا آیا (جس نے آپ کی بات کو ٹوکا)،
80:3 اور آپ کو کیا خبر شاید وہ (آپ کی توجہ سے مزید) پاک ہو جاتا،
80:4 یا (آپ کی) نصیحت قبول کرتا تو نصیحت اس کو (اور) فائدہ دیتی،
80:5 لیکن جو شخص (دین سے) بے پروا ہے،
80:6 تو آپ اس کے (قبولِ اسلام کے) لیے زیادہ اہتمام فرماتے ہیں،
80:7 حالانکہ آپ پر کوئی ذمہ داری (کا بوجھ) نہیں اگرچہ وہ پاکیزگی (ایمان) اختیار نہ بھی کرے،
80:8 اور وہ جو آپ کے پا س (خود طلبِ خیر کی) کوشش کرتا ہوا آیا،
80:9 اور وہ (اپنے رب سے) ڈرتا بھی ہے،
80:10 تو آپ اُس سے بے توجہی فرما رہے ہیں،
80:11 (اے حبیبِ مکرّم!) یوں نہیں بیشک یہ (آیاتِ قرآنی) تو نصیحت ہیں،
80:12 جو شخص چاہے اسے قبول (و اَزبر) کر لے،
80:13 (یہ) معزّز و مکرّم اوراق میں (لکھی ہوئی) ہیں،
80:14 جو نہایت بلند مرتبہ (اور) پاکیزہ ہیں،
80:15 ایسے سفیروں (اور کاتبوں) کے ہاتھوں سے (آگے پہنچی) ہیں،
80:16 جو بڑے صاحبانِ کرامت (اور) پیکرانِ طاعت ہیں،
80:17 ہلاک ہو (وہ بد بخت منکر) انسان کیسا نا شکرا ہے (جو اتنی عظیم نعمت پا کر بھی اس کی قدر نہیں کرتا)،
80:18 اللہ نے اسے کس چیز سے پیدا فرمایا ہے،
80:19 نطفہ میں سے اس کو پیدا فرمایا، پھر ساتھ ہی اس کا (خواص و جنس کے لحاظ سے) تعین فرما دیا،
80:20 پھر (تشکیل، ارتقاء اور تکمیل کے بعد بطنِ مادر سے نکلنے کی) راہ اس کے لئے آسان فرما دی،
80:21 پھر اسے موت دی، پھر اسے قبر میں (دفن) کر دیا گیا،
80:22 پھر جب وہ چاہے گا اسے (دوبارہ زندہ کر کے) کھڑا کرے گا،
80:23 یقیناً اس (نافرمان انسان) نے وہ (حق) پورا نہ کیا جس کا اسے (اللہ نے) حکم دیا تھا،
80:24 پس انسان کو چاہیے کہ اپنی غذا کی طرف دیکھے (اور غور کرے)،
80:25 بیشک ہم نے خوب زور سے پانی برسایا،
80:26 پھر ہم نے زمین کو پھاڑ کر چیر ڈالا،
80:27 پھر ہم نے اس میں اناج اگایا،
80:28 اور انگور اور ترکاری،
80:29 اور زیتون اور کھجور،
80:30 اور گھنے گھنے باغات،
80:31 اور (طرح طرح کے) پھل میوے اور (جانوروں کا) چارہ،
80:32 خود تمہارے اور تمہارے مویشیوں کے لئے متاعِ (زیست)،
80:33 پھر جب کان پھاڑ دینے والی آواز آئے گی،
80:34 اُس دن آدمی اپنے بھائی سے بھاگے گا،
80:35 اور اپنی ماں اور اپنے باپ سے (بھی)،
80:36 اور اپنی بیوی اور اپنی اولاد سے (بھی)،
80:37 اس دن ہر شخص کو ایسی (پریشان کن) حالت لاحق ہوگی جو اسے (ہر دوسرے سے) بے پروا کر دے گی،
80:38 اسی دن بہت سے چہرے (ایسے بھی ہوں گے جو نور سے) چمک رہے ہوں گے،
80:39 (وہ) مسکراتے ہنستے (اور) خوشیاں مناتے ہوں گے،
80:40 اور بہت سے چہرے ایسے ہوں گے جن پر اس دن گرد پڑی ہوگی،
80:41 (مزید) ان (چہروں) پر سیاہی چھائی ہوگی،
80:42 یہی لوگ کافر (اور) فاجر (بدکردار) ہوں گے،