al-Layl (اللَّيْل)

Maulana Doctor Tahir ul Qadri - Maulana Doctor Tahir ul Qadri

Chapter 92 • 21 verses • Meccan

← Previous Chapter Next Chapter →
92:1 رات کی قَسم جب وہ چھا جائے (اور ہر چیز کو اپنی تاریکی میں چھپا لے)،
92:2 اور دن کی قَسم جب وہ چمک اٹھے،
92:3 اور اس ذات کی (قَسم) جس نے (ہر چیز میں) نر اور مادہ کو پیدا فرمایا،
92:4 بیشک تمہاری کوشش مختلف (اور جداگانہ) ہے،
92:5 پس جس نے (اپنا مال اﷲ کی راہ میں) دیا اور پرہیزگاری اختیار کی،
92:6 اور اس نے (اِنفاق و تقوٰی کے ذریعے) اچھائی (یعنی دینِ حق اور آخرت) کی تصدیق کی،
92:7 تو ہم عنقریب اسے آسانی (یعنی رضائے الٰہی) کے لئے سہولت فراہم کر دیں گے،
92:8 اور جس نے بخل کیا اور (راہِ حق میں مال خرچ کرنے سے) بے پروا رہا،
92:9 اور اس نے (یوں) اچھائی (یعنی دینِ حق اور آخرت) کو جھٹلایا،
92:10 تو ہم عنقریب اسے سختی (یعنی عذاب کی طرف بڑھنے) کے لئے سہولت فراہم کر دیں گے (تاکہ وہ تیزی سے مستحقِ عذاب ٹھہرے)،
92:11 اور اس کا مال اس کے کسی کام نہیں آئے گا جب وہ ہلاکت (کے گڑھے) میں گرے گا،
92:12 بیشک راہِ (حق) دکھانا ہمارے ذمہ ہے،
92:13 اور بیشک ہم ہی آخرت اور دنیا کے مالک ہیں،
92:14 سو میں نے تمہیں (دوزخ کی) آگ سے ڈرا دیا ہے جو بھڑک رہی ہے،
92:15 جس میں انتہائی بدبخت کے سوا کوئی داخل نہیں ہوگا،
92:16 جس نے (دینِ حق کو) جھٹلایا اور (رسول کی اطاعت سے) منہ پھیر لیا،
92:17 اور اس (آگ) سے اس بڑے پرہیزگار شخص کو بچا لیا جائے گا،
92:18 جو اپنا مال (اﷲ کی راہ میں) دیتا ہے کہ (اپنے جان و مال کی) پاکیزگی حاصل کرے،
92:19 اور کسی کا اس پر کوئی احسان نہیں کہ جس کا بدلہ دیا جا رہا ہو،
92:20 مگر (وہ) صرف اپنے ربِ عظیم کی رضا جوئی کے لئے (مال خرچ کر رہا ہے)،
92:21 اور عنقریب وہ (اﷲ کی عطا سے اور اﷲ اس کی وفا سے) راضی ہو جائے گا،