87:1
                                        
                                    
                                    اپنے رب کے نام کی تسبیح کریں جو سب سے بلند ہے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:2
                                        
                                    
                                    جس نے (کائنات کی ہر چیز کو) پیدا کیا پھر اسے (جملہ تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ) درست توازن دیا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:3
                                        
                                    
                                    اور جس نے (ہر ہر چیز کے لئے) قانون مقرر کیا پھر (اسے اپنے اپنے نظام کے مطابق رہنے اور چلنے کا) راستہ بتایا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:4
                                        
                                    
                                    اور جس نے (زمین سے) چارہ نکالا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:5
                                        
                                    
                                    پھر اسے سیاہی مائل خشک کردیا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:6
                                        
                                    
                                    (اے حبیبِ مکرّم!) ہم آپ کو خود (ایسا) پڑھائیں گے کہ آپ (کبھی) نہیں بھولیں گے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:7
                                        
                                    
                                    مگر جو اﷲ چاہے، بیشک وہ جہر اور خفی (یعنی ظاہر و پوشیدہ اور بلند و آہستہ) سب باتوں کو جانتا ہے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:8
                                        
                                    
                                    اور ہم آپ کو اس آسان (شریعت پر عمل پیرا ہونے) کے لئے (بھی) سہولت فراہم فرمائیں گے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:9
                                        
                                    
                                    پس آپ نصیحت فرماتے رہیے بشرطیکہ نصیحت (سننے والوں کو) فائدہ دے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:10
                                        
                                    
                                    البتہ وہی نصیحت قبول کرے گا جو اﷲ سے ڈرتا ہوگا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:11
                                        
                                    
                                    اور بدبخت اس (نصیحت) سے پہلو تہی کرے گا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:12
                                        
                                    
                                    جو (قیامت کے دن) سب سے بڑی آگ میں داخل ہوگا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:13
                                        
                                    
                                    پھر وہ اس میں نہ مرے گا اور نہ جیئے گا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:14
                                        
                                    
                                    بیشک وہی بامراد ہوا جو (نفس کی آفتوں اور گناہ کی آلودگیوں سے) پاک ہوگیا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:15
                                        
                                    
                                    اور وہ اپنے رب کے نام کا ذکر کرتا رہا اور (کثرت و پابندی سے) نماز پڑھتا رہا،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:16
                                        
                                    
                                    بلکہ تم (اﷲ کی طرف رجوع کرنے کی بجائے) دنیاوی زندگی (کی لذتوں) کو اختیار کرتے ہو،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:17
                                        
                                    
                                    حالانکہ آخرت (کی لذت و راحت) بہتر اور ہمیشہ باقی رہنے والی ہے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:18
                                        
                                    
                                    بیشک یہ (تعلیم) اگلے صحیفوں میں (بھی مذکور) ہے،
                                
                                
                        
                                    
                                        
                                            87:19
                                        
                                    
                                    (جو) ابراہیم اور موسٰی (علیہما السلام) کے صحائف ہیں،