al-Inshiqaq (الإِنْشِقَاق)

Maulana Doctor Tahir ul Qadri - Maulana Doctor Tahir ul Qadri

Chapter 84 • 25 verses • Meccan

← Previous Chapter Next Chapter →
84:1 جب (سب) آسمانی کرّے پھٹ جائیں گے،
84:2 اور اپنے رب کا حکمِ (اِنشقاق) بجا لائیں گے اور (یہی تعمیلِ اَمر) اُس کے لائق ہے،
84:3 اور جب زمین (ریزہ ریزہ کر کے) پھیلا دی جائے گی،
84:4 اور جو کچھ اس کے اندر ہے وہ اسے نکال باہر پھینکے گی اور خالی ہو جائے گی،
84:5 اور (وہ بھی) اپنے رب کا حکمِ (اِنشقاق) بجا لائے گی اور (یہی اِطاعت) اُس کے لائق ہے،
84:6 اے انسان! تو اپنے رب تک پہنچنے میں سخت مشقتیں برداشت کرتا ہے بالآخر تجھے اسی سے جا ملنا ہے،
84:7 پس جس شخص کا نامۂ اعمال اس کے داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا،
84:8 تو عنقریب اس سے آسان سا حساب لیا جائے گا،
84:9 اور وہ اپنے اہلِ خانہ کی طرف مسرور و شاداں پلٹے گا،
84:10 اور البتہ وہ شخص جس کا نامۂ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا،
84:11 تو وہ عنقریب موت کو پکارے گا،
84:12 اور وہ دوزخ کی بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوگا،
84:13 بیشک وہ (دنیا میں) اپنے اہلِ خانہ میں خوش و خرم رہتا تھا،
84:14 بیشک اس نے یہ گمان کر لیا تھا کہ وہ حساب کے لئے (اللہ کے پاس) ہرگز لوٹ کر نہ جائے گا،
84:15 کیوں نہیں! بیشک اس کا رب اس کو خوب دیکھنے والا ہے،
84:16 سو مجھے قَسم ہے شفق (یعنی شام کی سرخی یا اس کے بعد کے اُجالے) کی،
84:17 اور رات کی اور ان چیزوں کی جنہیں وہ (اپنے دامن میں) سمیٹ لیتی ہے،
84:18 اور چاند کی جب وہ پورا دکھائی دیتا ہے،
84:19 تم یقیناً طبق در طبق ضرور سواری کرتے ہوئے جاؤ گے،
84:20 تو انہیں کیا ہو گیا ہے کہ (قرآنی پیشین گوئی کی صداقت دیکھ کر بھی) ایمان نہیں لاتے،
84:21 اور جب ان پر قرآن پڑھا جاتا ہے تو (اللہ کے حضور) سجدہ ریز نہیں ہوتے،
84:22 بلکہ کافر لوگ (اسے مزید) جھٹلا رہے ہیں،
84:23 اور اللہ (کفر و عداوت کے اس سامان کو) خوب جانتا ہے جو وہ جمع کر رہے ہیں،
84:24 سو آپ انہیں دردناک عذاب کی بشارت دے دیں،
84:25 مگر جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے ہیں ان کے لئے غیر منقطع (دائمی) ثواب ہے،